سری نگر، 27 جنوری (ایس او نیوز؍یو این آئی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان خلفشار کا خمیازہ کشمیری عوام کو بے تحاشا جانی نقصان کی صورت میں بھگتنا پڑا ہے ۔یوم جمہوریہ کے موقع پر ٹویٹ کرتے ہوئے پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری ٹکراؤ کی وجہ سے کشمیری عوام کو بے تحاشہ جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ امید ہے کہ قوم اب یہ بات سمجھنے کی کوشش کرے گی کہ کشمیری عوام مصیبت کے کس بھنور میں پھنسے ہیں ۔دریں اثنا لانس نائک نذیر احمد وانی، جوپہلے جنگجو تھا اور بعد میں فوج میں بھرتی ہوا، کو بعد از مرگ اشوک چکرا یوارڈسے نوازنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نذیر نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ٹکراؤ کے دونوں رُخ دیکھے ۔قابل ذکر ہے کہ صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے دہلی میں یوم جمہوریہ کی تقریب پر مرحوم نذیر احمد کا ایوارڈ اس کی بیوی اور والدہ کو دیا۔نذیر احمد سال گذشتہ 25 نومبر کو بٹہ گنڈ میں جنگجوؤں کے ساتھ ایک خونین تصادم کے دوران جان بحق ہوا تھا اس تصادم میں 6 جنگجو بھی ہلاک ہوئے تھے ۔